قومی انسدادِ پولیو2026 مہم کی پہلی ملک بھر میں پانچویں روز بھی مسلسل جاری ہے، جس کے دوران ابتدائی چار دنوں میں پاکستان بھر میں 4 کروڑ 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ مہم بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق انسدادِ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے، تاکہ سرحدی علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر طور پر روکا جا سکے اور خطے کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں کو مضبوط کیا جا سکے۔
نیشنل ای او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 24 لاکھ سے زائد، سندھ میں 95 لاکھ 85 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 67 لاکھ 64 ہزار سے زائد، بلوچستان میں تقریباً 20 لاکھ 55 ہزار جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 54 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 61 ہزار سے زائد اور آزاد کشمیر میں 6 لاکھ 73 ہزار سے زائد بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جو مہم کی پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں 4 لاکھ سے زائد انسدادِ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہے ہیں، جبکہ والدین کے تعاون کو مہم کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔