برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے اسلام آباد میں پیش آنے والے ہولناک خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا ہے۔ لندن سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے نے گہرے دکھ اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ برطانوی حکومت کی مکمل ہمدردیاں وابستہ ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 31 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخلے سے روکے جانے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ذرائع کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں آئی جی اسلام آباد کے کزن بھی شہید ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے سے قبل فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکے کے فوری بعد پولیس، فوج اور رینجرز کے دستوں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی، جبکہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد اسلام آباد کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔