زیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی سطح پر مضبوط اور مؤثر اقدامات کی فوری ضرورت ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان پوری دنیا کے لیے ایک ڈھال کا کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیرِ داخلہ سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپیئن کمشنر میگنس برنر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس دوران دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں پیش آنے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اطالوی وزیرِ داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے کہا کہ اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے المناک واقعے کی خبر سن کر شدید رنج ہوا، اٹلی کی حکومت اور ذاتی طور پر وہ متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں اطالوی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور اور غیر مشروط مذمت کرتا ہے۔
میٹیو پینٹے ڈوسی نے مزید کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ عالمی خطرہ ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے اٹلی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے تاکہ امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب یورپیئن کمشنر میگنس برنر نے بھی کہا کہ ان کی دعائیں اسلام آباد خودکش دھماکے کے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، اور یورپی یونین دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر مشکل وقت میں اظہارِ یکجہتی اور تعاون پر اطالوی وزیرِ داخلہ اور یورپیئن کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں ہی اس ناسور کے خاتمے کا واحد مؤثر راستہ ہیں۔