وزیراعظم عمران خان نئی ویزا پالیسی کا افتتاح آج کریں گے۔نئی ویزا پالیسی کے تحت پاکستانی مشنز کو 186 ممالک کے شہریوں کو 3 ماہ کا ویزا جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت چین، ملائیشیا، ترکی، یو اے ای اور برطانیہ کے شہریوں کے لیے ہوگی۔ 175 ممالک کے شہری ای ویزا کی سہولت سے مستفید ہوں گے ۔
مینول اور ای ویزا کا پراسیسنگ ٹائم 7سے 10 دن کا ہوگا۔ نئی ویزا پالیسی کے تحت اب 24 کے بجائے 50 ممالک کے شہریوں کو آمد پر ویزا آن آرائیول کی سہولت حاصل ہوگی۔
پاکستانی مشنز کی طرف سے وزارت تجارت کی سفارش پر 96 ممالک کے کاروباری افراد کو 24 گھنٹے میں ملٹی پل بزنس ویزا کا اجرا ہوگا۔پاکستانی مشنز پاکستانی نژاد شہریوں اور ان کے شریک حیات کو پانچ سالہ مدت کا ملٹی پل اور ایک سالہ قیام کا ویزا7 سے 10 دن میں جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر رہے ہیں ، پہلے مرحلے میں پانچ ممالک کے شہریوں کے لیےای ویزا پالیسی متعارف کروا رہے ہیں۔170 ممالک کو ای ویزا،90 کو بزنس اور 55 ملکوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت ملے گی۔
رواں برس جنوری میں وفاقی وزیراطلاعات نے میڈیاٹاک میں کہا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے لیے نئی ویزا پالیسی متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت 175 ممالک کو ای ویزہ کی سہولت دی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ملکوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت بھی دے رہے ہیں۔ برٹش اور امریکن پاسپورٹ رکھنے والے بھارتی باشندوں کو بھی ویزا آن ارائیول کی سہولت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بزنس ویزا کی سہولت 96 ممالک تک بڑھا دی گئی ہے۔ 50 ممالک کے سیاحوں کو ایئر پورٹ پہر ویزا دیا جائے گا۔