محکمہ داخلہ سندھ نے شہر میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا گیا۔
کراچی میں رینجرز کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات کا آج آخری روز ہے جس کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے تحریر کیے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ 1997 کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مطابق رینجرز کراچی میں جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف آزادانہ کارروائیاں کرسکتی ہے، رینجرز کے خصوصی اختیارات میں انسداد دہشت گردی قانون کے تحت 3 ماہ کی توسیع کی جائے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 6 اپریل سے 4 جولائی 2019 تک توسیع کی درخواست کی گئی ہے۔
اس سے قبل 9 جنوری کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی منظوری دی تھی۔
صوبائی و وفاقی وزات داخلہ کی منظوری کے بعد سندھ رینجرز کو کراچی میں حاصل خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔