سندھ کابینہ نے وزیراعلیٰ کو گورنر کی مشاورت کے بغیر مشیر تعینات کرنے کا اختیار دے دیا۔ گورنر سندھ سے اب وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر تعیناتی پر کوئی مشاورت نہیں کی جائے گی۔
صوبائی کابینہ نے مشیر کی تعیناتی پر گورنر کے رول کو ختم کردیا۔ کابینہ نے گورنر سندھ سے صوبائی مشیر کی تعیناتی پر ہونے والی مشاورت کے اختیارات واپس لے لیے۔ اب سے وزیر اعلیٰ اپنی صوابدید پر مشیر تعینات کرسکیں گے۔
اس سے قبل صوبائی مشیر کی تعیناتی پر گورنر کی منظوری ضروری تھی۔ مشیر کی تعیناتی سے پہلے وزیر اعلیٰ سندھ گورنر سے مشاورت کرتے تھے۔
ذرائع کے مطابق اعجاز جاکھرانی کی بطور مشیر تعیناتی پر گورنر نے اعتراض لگا کر سمری واپس کردی تھی۔ جس کے بعد آج ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مشیر کی تعیناتی پر گورنر کے رول کو ختم کرنے کا فیصلہ کردیا گیا۔
کابینہ کے فیصلے کے بعد اب وزیر اعلیٰ سندھ اپنا مشیر خود رکھ سکتے ہیں۔