محکمہ موسمیات نے پاکستان کے بالائی علاقوں، شما لی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وقفے وقفے سے برسات اور ژالہ باری کا سلسلہ اتوار کی صبح تک جاری رہے گا جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی ہو گی۔
ہفتے کے روز گلگت بلتستان اور ما لاکنڈ ڈویژن کے بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
آج بالائی خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی بلوچستان، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہفتے کی صبح ہلکی بارش ہوئی اور سردی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے اضلاع مری، جہلم، سیالکوٹ، اٹک اور چکوال کے اضلاع میں چند مقامات ہر گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
لاہور میں صبح کے وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ۔ لاہور: شہر کا موسم آج گرم اور خشک رہےگا۔ لاہور کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 30ڈگری تک جانے کا اندیشہ ہے۔
گلگت بلتستان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے جس کے سبب درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری کم ہونے کا امکان۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا۔ کراچی کا درجہ حرارت صبح کے وقت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 36 تک جا سکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان، کشمیر کے اضلاع اور اسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ گلگت بلتستان کے اضلاع میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔