اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج سے ملک میں برسات اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی نوید سنائی ہے جو آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔
جمعہ کے روز راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، کوئٹہ، بنوں اور ڈی آئی خان میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان، مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن، مری اور کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ تاہم کوہاٹ، پشاور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پارہ چنار میں 04 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اسکردو اور کالام سرد ترین مقامات رہے جہاں کا درجہ حرارت منفی 09 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گوپس، استور ، بگروٹ منفی 08، ہنزہ منفی 07، گلگت، مالم جبہ، دیر منفی 04 اور راولاکوٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکاڈ کیا گیا۔