لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن پیراگون ریفرنس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پرکیس کی سماعت کی۔
عدالت میں آج مقدمے کے پانچ گواہان اعجاز احمد، مقصود احمد، غلام مصطفی، جوڈیشل مجسٹریٹ ذولفقار باری نے اپنے بیان قلمبند کرائے۔
احتساب عدالت نے خواجہ برادران کو دوبارہ 13 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔
واضح رہے عدالت نے ریفرنس کے 3 ملزموں ندیم ضیاء، عمر ضیاء اور فرحان علی کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔
پراسیکیوٹر نیب نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملزموں نے پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ کا فراڈ کیا ہے اور اس سوسائٹی میں 50 کنال سے زائد سرکاری اراضی کو شامل کیا گیا۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور اس سوسائٹی میں 93.6 فیصد شیئرز ہولڈر کے مالک خواجہ سعد، سلمان رفیق اور ندیم ضیاء ہیں۔
دوسری جانب خواجہ برادران کی پیشی کے مندِ نظر احتساب عدالت کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔