لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی چوہدری شوگر ملز میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے فیصلہ محفوظ کیا۔
عدالتِ عالیہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ مریم نواز کی درخواستِ ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
اس سے قبل عدالت نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا کہ دلائل مکمل کرنے میں کتنا وقت لگے گا؟
قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے جواب دیا کہ 30 منٹ میں دلائل مکمل کرلوں گا۔
عدالت نے ان سے دریافت کیا کہ ناصر عبداللّٰہ لوتھا آپ کا گواہ ہے، آپ نےاس کا کیا بیان ریکارڈ کیا؟
نیب کے وکیل نے بتایا کہ ناصر لوتھا دبئی میں ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے، گواہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 48 لاکھ 85 ہزار 14 امریکی ڈالر یوسف عباس کو بھجوائے۔
انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ عبداللّٰہ ناصر لوتھا کا بیان 3 اگست کو اسلام آباد میں ریکارڈ کیا تھا، یہ شخص اومنی گروپ کیس میں بھی وعدہ معاف گواہ ہے۔