چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کراچی رجسٹری پہنچ گئے ، جہاں وہ اہم کیسز کی سماعت کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ سندھ میں نکاسی آب کے منصوبوں کی صورتحال سے متعلق واٹر کمیشن کی سماعت کرے گا جبکہ لارجر بینچ شہر میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر سے متعلق آباد کی درخواست کی بھی سماعت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف سندھ حکومت کی نظر ثانی کی درخواست پر سماعت ہونے کا امکان ہے، جس کے لئے عدالت نے اٹارنی جنرل،ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیئے ہیں،لارجر بینچ میں چیف جسٹس ثاقب نثار،جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس اعجاز الحسن شامل ہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ رجسٹری کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، سپریم کورٹ رجسٹری آنیوالے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اورشاہین کمپلیکس اور سندھ اسمبلی سے سپریم کورٹ آنے اور جانیوالے روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کراچی رجسٹری کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے، کراچی رجسٹری کی نئی عمارت پاکستان سیکرٹریٹ میں تعمیر کی جائے گی۔