پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے واقعہ کی تحقیقات اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل امن دشمنوں کی سازش ہے۔ حکومت سندھ قاتلوں کو گرفتار کرکے سازشیوں کو بے نقاب کرے۔علی رضا عابدی کے قاتل قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصرکو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے اعلی سطح تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔شہباز شریف نے اہل خانہ سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ علی رضا عابدی ایک پڑھے لکھے اور مہذب سیاسی ورکر تھے۔