سانحہ ساہیوال کے خلاف ملک بھر کی بار کونسلز نے ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے عدالتوں کا بائیکاٹ کر دیا۔
دو روز قبل ساہیوال میں پیش آنے والے سانحہ کے خلاف ملک بھر کے وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مقدمات میں پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
خیبرپختونخوا بار کونسل نے ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا کہ ماورائے عدالت کسی کا بھی قتل ناقابل قبول ہے جب کہ صوبے بھر کی بار کونسلز میں سانحہ کے خلاف احتجاج بھی کیا جائے گا۔
پنجاب بار کونسل کی جانب سے بھی ہڑتال کا اعلان کیا گیا جب کہ مختلف شہروں میں وکلا نے سانحہ ساہیوال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
اٹک سمیت مختلف بار کونسلوں میں وکلا نے احتجاجاً بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھیں اور حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ وکلا نے متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔