پنجاب کے ضلع پاکپتن میں فائرنگ سے دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پاکپتن کی عدالت میں پیشی کے دوران ملزمان نے وکیل کے چیمبر میں فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پیشی پر آئے دو بھائی ابراہیم، افراہیم سمیت تین افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں بھائی ابراہیم اور افراہیم قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں عبوری ضمانت پر تھے اور آج پیشی پر آئے ہوئے تھے تاہم مخالفین نے وکیل کی چیمبر میں فائرنگ کر کے دونوں بھائیوں کو قتل کر دیا جب کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والا تیسرا شخص وکیل کا کلرک تھا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد کچہری میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی جب کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔