بالی ووڈ کے معروف گلوکار میکا سنگھ کو مبینہ طور پر برازیل کی ماڈل کو ہراساں کرنے پر متحدہ عرب امارات میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دبئی انتظامیہ نے اس وقت بالی ووڈ گلوکار کو گرفتار کیا جب ایک غیر ملکی لڑکی کی جانب سے گلوکار پر مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کی شکایت کی گئی۔
واضح رہے کہ گلوکار میکا سنگھ دبئی میں مصالحہ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت لیے گئے تھے۔مختلف رپورٹس کے مطابق گلوکار پر برازیل سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی کو نازیبا تصاویر بھیجنے کا الزام ہے جسکے بعد انہیں ہوٹل سے حراست میں لیا گیا اور اب وہ دبئی پولیس کی قید میں ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں جب گلوکار میکا سنگھ کو اس طرح کے حالات کا سامنا ہوا ہو۔اس سے قبل 2016ء میں بھی ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک ماڈل نے میکا سنگھ پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا جس پر گلوکار نے جوابی بھتے کے مطالبے کا الزام اس ماڈل پر عائد کردیا تھا۔
اس سے قبل 2015ء میں ایک ڈاکٹر کو کنسرٹ کے دوران تھپڑ مارنے پر بھی میکا سنگھ کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔
خیال رہے کہ میکا سنگھ بالی ووڈ کے چند مقبول ترین گلوکارون میں سے ایک ہیں جو متعدد ہٹ گانے گا چکے ہیں جبکہ حال ہی میں فلم سمبا کے لیے ان کا گانا آنکھ مارے سامنے آیا جو مقبول بھی ہوا۔