دلومیناتی ٹور کے ذریعے پوری دنیا میں دھوم مچانے والےگلوبل سپر اسٹار گلوکار و اداکار ‘دلجیت دوسانجھ‘ نے اپنے کریئر کے سب سے مشکل گانے کے بارے میں مداحوں کا آگاہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دلجیت دوسانجھ نے انکشاف کیا کہ فلم ‘کریو’ کا گانا ‘نینا‘ ان کی زندگی کا سب سے مشکل ترین گانا تھا جو انہوں نے زبردستی بنایا۔
میزبان کی جانب سے کریئر کے مشکل ترین گانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دلجیت دوسانجھ کا کہنا تھا کہ فلم کریو کا گانا ‘نینا‘ میرے لیے بہت مشکل تھا کیونکہ میں نے کبھی ہندی گانے نہیں بنائے اور نہ ہی پنجابی کے علاوہ گانے بنانے کا میرا دل چاہتا ہے۔
گلوکار نے مزید کہا کہ‘ سونم کپور کی بہن ریا کپور ایک عرصے سے میرے پیچھے لگی ہوئیں تھیں کہ میں ان کی فلم کا گانا بناؤں لیکن یہ مجھ سے ہو نہیں پارہا تھا کیونکہ میری بولی پنجابی ہے اور میں بالی وڈ کے لیے ہندی گانے نہیں بناسکتا‘۔
دلجیت کا کہنا تھا کہ ‘یہ گانا ریا کپور نے بنوایا ہے کیونکہ وہ مجھ سے مسلسل میسج کرکے پوچھتی رہتی تھیں کہ دلجیت ابھی تک گانا کیوں نہیں آیا؟ جس کے بعد ایک دن میں نے بےدلی سےگانا بناہی دیا‘۔
دلجیت دوسانجھ کے بلاک بسٹر ہندی گانے ‘نینا‘ کے حوالے سے اس انکشاف کے بعد مداح گلوبل اسٹار کی جانب سے بنائے گئے زبردستی کے گانے کے حوالے سے حیران ہوکر کہتے نظر آئے کہ ‘زبردستی کا گانا اتنا اچھا ہے، اگر دل سے بناتے تو کیا کرتے؟‘
واضح رہے کہ فلم کریو کا گانا ‘نینا‘ ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا تھا جس میں مداح گلوبل سپر اسٹار کی جانب سے ہندی میں گائے گئے گانے کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔