بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کبھی بھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھتے بس سرسری طور پر کہانی سن کر فلم کرنے کی حامی بھرلیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنی دیول نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میں بہت ہی غیر معمولی شخص ہوں اور ہمیشہ اپنے دل کی سنتا ہوں یہی وجہ ہے کہ فلموں کے معاملے میں بھی اپنے دل کے ہی فیصلے کو ترجیح دیتا ہوں۔
سنی دیول نے کہا کہ میں صرف فلم کی کہانی سرسری طور پر سنتا ہوں لیکن اُس کی گہرائی میں نہیں جاتا اگر فلم کی کہانی اچھی ہوتی ہے تو پھر حامی بھر لیتا ہوں۔ جب کہ آج کل کی مناسبت سے فلموں کی کہانی سننا ضرورت بن گئی ہے لیکن اُس کے باوجود میں آج بھی فلم کا اسکرپٹ نہیں پڑھتا۔
اداکار نے کہا کہ فلم کو مکمل کرنے کے لئے میں صرف ہدایت کار سے آئیڈیا لیتا ہوں اور پھر جو اسکرپٹ رائٹر ہوتا ہے اس سے بات کرتا ہوں اور اس کو سنتا ہوں کیوں کہ یہی وہ چیز ہوتی ہے جو آخر کار اسکرین پر نظر آتی ہے۔