بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی میگا شادی کا دوسرا استقبالیہ ممبئی میں منعقد ہوا جس کے دوران نئی بالی ووڈ جوڑی ایک بار پھر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے میں کامیاب رہی۔
رواں ماہ 14 اور 15 نومبر کو اٹلی کے خوبصورت مقام لیک کومو میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اسٹار جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے دوسرے استقبالیے کی تقریب گذشتہ روز ممبئی کے گرینڈ ہائٹ ہوٹل میں منعقد کی گئی۔استقبالیے میں دپیکا اور رنویر نے سفید رنگ کے ملبوسات کا انتخاب کیا، جس پر سنہرا کام غضب ڈھا رہا تھا۔
دپیکا نے سفید رنگ کی ابو جانی سندیپ کھوسلا کی ڈیزائن کردہ عروسی ساڑھی زیب تن کی ۔دپیکا نے تقریب میں سر پر بھاری کامدار دوپٹہ بھی پہنا۔
اداکار رنویر سنگھ نے ڈیزائنر روہت بھل کے جوڑے کا انتخاب کیا۔اس دوران دونوں نے خوب تصاویر بنوائیں جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
اسٹار جوڑی کے پہلے استقبالیے کی تقریب 21 نومبر دو ہزار اٹھارہ کو بنگلورو میں منعقد کی گئی تھی جس میں دونوں کے گھر والوں اورقریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔
واضح رہے کہ دپیکا اور رنویر کی شادی کی تیسری استقبالیہ تقریب یکم دسمبر کو ہوگی جس میں بالی وڈ اسٹارز کی شرکت یقینی ہے۔