پرکشش شخصیت اور جاندار اداکاری کے ذریعے انتہائی کم وقت میں راتوں رات سپر اسٹار بن جانے والے پاکستان کے باصلاحیت اداکار فواد خا ن 37 برس کے ہوگئے۔
ڈرامہ سیریل ہم سفر سے کامیابیوں کی بلندیوں کو چھونے والے فواد خان نے اپنی اداکاری کے جوہر بکھیرتے ہوئے نہ صرف پاکستانیوں سے داد حاصل کی بلکہ ہمسایہ ملک کے باسیوں کو بھی اپنا دیوانہ بنا ڈالا۔فواد خان جو اپنی خوبصورت اور پرکشش شخصیت کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے کروڑوں دلوں پر راج کررہے ہیں، اب ان کی پرسنالٹی کے چرچے دنیا بھر میں مشہور ہوچکے ہیں۔
پاکستانی ڈرامہ سیریل ہم سفر ،زندگی گلزار ہےاور فلم ’خدا کے لئے‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والےاداکار فواد خان نے بالی ووڈ میں بھی کام کیا ہے۔فواد خان نے سرحد پار کی فلم انڈسٹری میں ’خوبصورت‘ کے ذریعے انٹری دی تھی اور بعدازاں ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔تمام ہی فلموں میں ان کی اداکاری سراہا اور انہیں فلم فیئرایوارڈ بھی دیا گیا ۔
واضح ہے کہ حال ہی میں فواد خان دنیا کی 100 پرکشش شخصیات میں بھی شامل ہوگئے ہیں،ٹی سی کینڈلر نے انہیں 2017ء کے پرکشش اور خوبصورت چہروں کی فہرست کا حصہ بنایا ہے۔اداکار فواد خان نے اپنے کیریئر کا آغاز راک میوزک بینڈ ’ای پی‘ سےکیا تھا جس میں وہ مرکزی گلوکار کی حیثیت سے اپنی آواز کا جادو جگمگاتے تھے۔