قومی کپتان رضوان سینئر کے بعد اب نائب کپتان عماد شکیل بٹ بھی ایک میچ کی پابندی کی زد میں آ گئے ہیں۔
ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا عزم لئے بھارت جانے والی پاکستانی ٹیم ان دنوں شدید مشکلات کا شکار ہے اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی قومی ٹیم کے قافلے سے باہر ہورہا ہے، گزشتہ روز قومی کپتان رضوان سینئر زخمی ہونے کے بعد ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے اور اب نائپ کپتان عماد شکیل بٹ بھی ایک میچ کی پابندی کی زد میں آ گئے ہیں اور وہ اب 9 دسمبر کو ہالینڈ کے خلاف شیڈول میچ میں گرین شرٹس کی قیادت بھی نہیں کر سکیں گے۔
قومی ٹیم اب تک کوئی میچ اپنے نام نہیں کرسکی، جرمنی کے خلاف میچ میں شکست کھانے کے بعد ملائشیا کے خلاف بھی میچ برابر ہوگیا تھا۔ ایک میچ ہارنے اور دوسرا میچ برابر ہونے کی وجہ سے گرین شرٹس کے اگلے راﺅنڈ تک پہنچنے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب کپتان رضوان سینئر کی انجری اور نائب کپتان عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی نے قومی ٹیم کو مزید مشکلات سے دوچار کردیا ہے، رضوان سینئر ملائشیا کے خلاف میچ کے دوران پاﺅں کی انگلی زخمی کروا بیٹھے تھے، ذرائع کے مطابق قومی کپتان کے طبی معائنہ کے بعد ڈاکٹر نے رضوان سینئر کو تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے بعد اب رضوان سینئر ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی مزید کپتانی کے فرائض انجام نہیں دے سکیں گے۔
کپتان کے بعد اب نائب کپتان کو بھی مشکلات نے گھیر لیا ہے، عماد شکیل بٹ پر ملائشیا کے خلاف شیڈول میچ کے دوران ڈسپلن کی خلاف ورزی پرایک میچ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے بعد وہ بھی ہالینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی نہیں دے سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم منیجمنٹ کی میٹنگ جلد ہوگی جس میں ٹیم کے نئے کپتان کا فیصلہ کیا جائے گا۔ عرفان سینئر اور عمران بٹ کپتانی کے لئے فیورٹ ہیں۔