آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس میں قومی ٹیم کے لیگ اسپنر ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلوی بولر نیتھن لیون شاندار کارکردگی کی بدولت ساتویں اور جوش ہیزلی وڈ نویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بہترین بولرز کی فہرست میں 757 پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر موجود یاسر شاہ ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے جب کہ محمد عباس رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا بدستور پہلی، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسری اور جنوبی افریقا کے فلنڈر تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بہترین بیٹسمینوں کی فہرست میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔
ویرات کوہلی 14 پوائنٹس اضافے کے بعد 934 پوائنٹس پر پہنچ گئے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی مرتبہ 900 پوائنٹس سے زائد حاصل کرنے والے ولیمسن 915 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
اسٹیون اسمتھ تیسرے، چتیسور پجارا چوتھے اور انگلینڈ کے جوئے روٹ پانچویں نمبر پر ہیں جب کہ بہترین بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستان کے اظہر علی 708 پوائنٹس کے ساتھ 10ویں نمبر پر آگئے۔