عمران خان کا ریکارڈ توڑنے کیلیے یاسر شاہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف مزید 5 وکٹیں درکار ہیں۔
عمران خان نے سری لنکا کیخلاف 1982 میں لاہور ٹیسٹ میں 116 رنز دیکر 14 شکار کئے تھے۔ یاسر شاہ نے دبئی میں 10 بلے بازوں کو پویلین بھیجا ہے اور ان کے پاس چوتھے روز کے کھیل میں نیا ریکارڈ بنانے کا موقع ہے۔
عبدالقادر 1987 میں لاہور ٹیسٹ میں انگلینڈ کی 13 وکٹیں 101 رنز کے عوض حاصل کرچکے ہیں۔ فضل محمود نے 1956 میں کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے اتنے ہی شکار کرنے کیلیے 114 رنز دیئے۔
وقار یونس نے 1993 میں کراچی ٹیسٹ میں 135 رنز کے بدلے میں زمبابوے کی 13 وکٹیں گرائی تھیں۔ فضل محمود 2، عمران خان، وقار یونس اور دانش کنیریا ایک ایک مرتبہ میچ میں 12 شکار کرنے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ آخری بار یہ کارنامہ دانش کنیریا نے بنگلہ دیش کیخلاف 2001 میں ملتان ٹیسٹ میں سرانجام دیا تھا۔
یاد رہے کہ دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ 41 رنز کے عوض 8 شکار کرکے ایک اننگز میں کامیاب ترین بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ عبدالقادر نے انگلینڈ اور سرفراز نواز نے آسٹریلیا کے 9 بیٹسمینوں کو شکار بنایا تھا۔ عمران خان ایک اننگز میں 8 وکٹیں دوبار حاصل کرچکے ہیں۔