آسٹریلیا نے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
دبئی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ایک روزہ میچ میں 278 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 271 رنز بناسکی اور پاکستان کو میچ میں 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن شان مسعود پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے، اور حارث سہیل بھی عابد علی کے ساتھ زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور 25 رنز بنا کر چلتے بنے۔
تاہم محمد رضوان اور عابد علی نے پاکستانی ٹیم کو سہارا دیا، عابد علی نے اپنے پہلے ہی میچ میں سینچری بنا کر اپنا ڈیبیو یادگار بنادیا۔ عابدعلی نے 112 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عابدعلی ڈیبیو سینچری بنانے والے تیسرے اور ڈیبیو میچ میں زیادہ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔
عابد علی کے بعد رضوان کا ساتھ دینے کے لئے عمر اکمل آئے لیکن سابقہ میچوں کی طرح وہ ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف 7 رنز بنا کر چلتے بنے۔ کپتان عماد وسیم صرف ایک رن کا اضافہ کرکے پویلین واپس لوٹ گئےاس دوران محمد رضوان نے اپنے کیریئر اور سیریز میں دوسری سنچری مکمل کی، محمد رضوان 104 رنز بناکرآؤٹ ہوئے، سعد علی 7، یاسر شاہ 3 اورعثمان شنواری 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جنید خان بغیر کوئی رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن کولٹر نائل 3 اور مارکوس اسٹوئینس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا، ایرون فنچ 39 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کا شکار بنے۔
بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں شان مارش، پیٹرہینڈس کومپ اور مارکس اسٹوئنس ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے اور بالترتیب 2،7،5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ عثمان خواجہ نے ذمہ داری بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی وہ 62 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
گلین میکسوئل اور الیکس کیری نے چھٹی وکٹ کے لیے 134 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم میکسوئل 2 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوور میں 98 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے ، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جب کہ الیکس 55 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد حسنین، یاسر شاہ اور عماد وسیم نے 2،2 جب کہ عثمان خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔