کراچی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 40 پیسے سستا ہو گیا ہےجس کے بعد 147 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ کرتا رہا۔
مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز پر ڈالر سستا ہو گیا، انٹر بینک میں پاکستانی روپے کی قدر کے مقابلے 40 پیسے گراوٹ کے بعد ڈالر 147 روپے 75 پیسے پر فروخت ہوا۔
کرنسی ڈیلرز ڈالر کی قیمت میں کمی عید کے باعث بیرون ممالک سے ترسیلات زر میں اضافہ بتا رہے ہیں، یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ میں نمایاں کمی آئی تھی جب ڈالر 1 روپیہ 43 پیسے کمی کے بعد 148 روپے 21 پیسے پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی گزشتہ روز کاروبار کے دوران ملا جلا رجحان رہا ،تاہم کاروبار کا اختتام مثبت ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 15 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ بند ہوئی۔
جمعرات کو کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز اسٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 571 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 36 ہزار 536 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔ کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 36 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 300 سے زائد پوائنٹس کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 35 ہزار 655 پر بھی ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 176,397,730 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 8,544,309,325 بنتی ہے۔
گزشتہ ہفتہ سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا بھی مارکیٹ پر اعتماد بحال ہوا ہے۔