ورلڈ کپ میں آج بھارت اور نیوزی لینڈ جیسی دو مظبوط ٹیموں کا ٹکرار ہوگا.
بھارت اور نیوزی لینڈ دونوں ہی اب تک ورلڈ کپ میں ناقابل شکست ہیں تاہم کیویز اب تک 3 میچز کھیل چکے جبکہ بھارتی ٹیم نے 2 میچ کھیلے ہیں، کوہلی الیون نے اپنے گذشتہ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے 36 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس میچ کے ہیرو شیکھر دھون اپنا انگوٹھا تڑوا چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔
اب تک چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے لوکیش راہول کو روہت شرما کے ہمراہ اوپننگ کیلیے بھیجا جاسکتا ہے۔ اس صورت میں انھیں مہلک کیوی پیس اٹیک کا سامنا کرنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔
اگرچہ اب تک کھیلے گئے دونوں میچ میں بھارتی رسٹ اسپنرز نے اہم مواقعوں پر ٹیم کی مدد کی ہے مگر یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ ویرات کوہلی ٹرینٹ برج کی مختصر بائونڈریز اور ابرآلود کنڈیشنز میں سابق کمبی نیشن کے ساتھ ہی میدان سنبھالتے ہیں یا نہیں۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر نیوزی لینڈ 3 میچز میں اتنی ہی فتوحات کی وجہ سے پہلے نمبر پر موجود ہے، بولنگ چارٹ میں لوکی فرگوسن اور میٹ ہینری نمایاں ہیں جنھوں نے اب تک ٹورنامنٹ میں مشترکہ طور پر 15 وکٹیں لی ہیں۔ اسی طرح جمی نیشام اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے بھی بھرپور سپورٹ مہیا کی ہے۔
اسی طرح ٹاپ کیوی بیٹنگ آرڈر اب تک کھیلے گئے تینوں میچز میں بہت زیادہ رنز اسکور کرچکا تاہم بھارتی بولنگ یونٹ کے سامنے نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر کی آزمائش ہوسکتی ہے۔ میچ کے دوران ہی بارش کا امکان ہے، اس لیے پورے 100 اوورز کا کھیل ہونے کا امکان بہت کم ہے، ابر آلود کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کیلیے ٹاس جیتنے کی صورت میں دونوں کپتان پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔