شہر قائد میں فائرنگ کے دو واقعات میں نیوز اینکر مرید عباس سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
کراچی میں ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے اور چند ہی گھنٹوں میں 4 افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا، آئی جی سندھ نے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے۔
پہلا واقعہ کراچی میں ڈیفنس میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے نجی چینل کے اینکر مرید عباس کو جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مرید عباس ڈیفنس خیابان بخاری میں مبینہ طور پراپنے کاروباری شراکت دار کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے ان کے ہمراہ ان کے دوست خضر بھی موجود تھے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اسپتال منتقلی کے دوران مرید عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ڈیفنس سے آنے والا زخمی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔
ذرائع کے مطابق مرید عباس اور خضر کو قتل کرنے والے شخص نے خود کشی کر لی ہے۔ خودکشی کرنے والے شخص عاطف زمان بتایا جا رہا ہے۔ اینکر مرید عباس کا مبینہ قاتل عاطف زمان کئی دنوں سے خیابان بخاری میں رات دیر گئے تک سخت غصے میں گھومتا ہوا نظر آیا۔ عاطف زمان کو کئی لوگوں نے شدید غصے میں دیکھا تھا۔
زارا عباس اہلیہ مرید عباس
اہلیہ مرید عباس نے بتایا کہ مرید نے فون کر کے مجھے بتایا کہ عاطف زمان نے کال کی ہے اور بلایا ہے کہ آ کر اپنی رقم لے جاؤ۔ اہلیہ مرید عباس کا کہنا تھا کہ عاطف سے کاروباری شراکت داری تھی اور اس سے اپنی رقم واپس لینی تھی۔ اہلیہ مرید عباس نے اصرار کیا کہ عاطف زمان نے ہی مرید کو مارا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ
ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے بتایا کہ عاطف زمان نے مرید عباس اور خضر کو نشاط اپارٹمنٹ میں واقع اپنے دفتر بلایا۔ عاطف زمان نے مرید عباس پر فائرنگ کی۔ مرید پر فائرنگ ہوتے ہی خضر نے موقع سے بھاگنے کی کوش کی۔ عاطف زمان نے خضر کو بھی گولی مار کر قتل کردیا۔ دونوں کو قتل کرنے کے بعد عاطف زمان نے خودکشی کی کوشش کی۔ ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ عاطف زمان کا مرید عباس سے کاروباری جھگڑا تھا۔
آئی جی سندھ
اینکرمرید عباس کے قتل پر آئی جی سندھ نے نوٹس لے لیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیم تشکیل دیدی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا اظہار تعزیت
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا اینکر مرید عباس کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے ٹویٹ کیا ہے جس میں مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے، آمین
Saddened to know about the assassination of BOL TV young anchor Mureed Abbass. Share the grief of bereaved family and BOL TV administration. May Allah bless his soul. Aamen.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) July 9, 2019