حکومت نے ایک اور یوٹرن لے لیا مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے ریونیو ڈویژن حماد اظہر کو دینے پر تحفظات کے بعد ریونیو ڈویژن دوبارہ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ دے دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کے ریونیو ڈویژن میں تبدیلیوں کے نوٹیفکیشنز نے سب کو حیران کردیا، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ریونیو ڈویژن حماد اظہر کو دینے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ریونیو ڈویژن مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو دوبارہ مل گیا ہے، جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، حماد اظہر اب ریونیو ڈویژن کے معاملات نہیں دیکھیں گے۔
اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مجبوری میں حماد اظہر کو وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن کا چارج دیا ہے۔
اس سے قبل حفیظ شیخ سے اقتصادی امور ڈویژن کا قلمدان واپس لے لیا گیا، کابینہ ڈویژن نے قلمدان تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
واضح رہے کہ حماد اظہر نے دو روز قبل وفاقی وزیر کےعہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس سے قبل وہ وزیر مملکت برائے ریونیو کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ حماد اظہر کی حلف برداری تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی تھی، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا تھا۔