وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں اکبر ایکسپریس حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اورجاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت کی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے حادثے میں زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صادق آباد ٹرین حادثہ نہایت افسوسناک ہے۔لواحقین کے غم میں برابر کا شریک اور زخمیوں کی جلد/مکمل شفایابی کیلئے دعاگو ہوں۔ وزیر صاحب کو ریلوے انفراسٹرکچر سے برتی جانے والی دہائیوں پر محیط غفلت کے فوری ازالے اور سیکیورٹی سٹینڈرڈز یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 11, 2019
دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبر ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے،شیخ رشید احمد نے کہا کہ انسانی غفلت ہوئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں آٹھ سے نو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، میں خود ساری صورت حال کو مانیٹر کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ رحیم یار خان کے قریب لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی ہے، حادثے کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو ئے ہیں۔