نیب نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور ٹول پلازہ سے گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما احسچ اقبال نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکام اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ جبکہ مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو لاہور ٹول پلازہ ٹھوکر نیاز بیگ پرروکا گیاتھا۔
اس سے قبل ایل این جی اسکینڈل میں نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بعد مزید دو اہم شخصیات کو طلب کیا تھا، نیب نے سابق مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل اورسابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کو بھی آج ہی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ٹرمینل ون کا ٹھیکہ مخصوص قطری کمپنی کو دینے پر تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا، نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو 75 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا تھا۔جس کا تاحال جواب جمع نہیں کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آج نیب میں پیشی سے معذرت کرلی تھی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور حکومت میں سابق وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطرکے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پردستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہرسال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔