وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مہنگائی قابو کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔ دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم کو گورنر پنجاب کی جانب سے کرتار پور راہداری سمیت اہم امور پور بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو پنجاب حکومت کی کارکردگی، اہم منصوبوں اور مجموعی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اقدامات کریں۔
جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی وزیراعظم سے ملے۔ ملاقات میں گورنر پنجاب نے وزیراعظم کو کرتارپور راہداری، مذہبی سیاحت کے فروغ، اکتیس اگست کو بین الاقوامی سکھ کنونشن بارے بریف کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں اور کرتارپور کی اراضی میں توسیع کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اسی طرح صوبائی مشیر معاشی امور ڈاکٹر سلمان شاہ نے وزیر اعظم کو معیشت میں ہونے والی بہتری اور کیے جانے والے اقدامات پر رپورٹ پیش کی۔