آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم چند مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، کشمیر اوراسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، ژوب ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیجی بنگال سے شدید مون سون ہوائیں ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں آج رات داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث بدھ سے لے کر جمعے کے دوران شمالی اور بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت زیریں سندھ میں اکثر مقامات پر جبکہ لاہور، بہاولپور، ملتان، مکران ڈویژن، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔