شہر قائد میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا گھانچی پاڑہ میں گھر کی چھت گرگئی ہے۔ حادثے میں دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں فلیٹ کا مالک غلام حسین، اہلیہ زبیدہ، بیٹی صدف اور بیٹا عمیر شامل ہیں۔
حادثے کے بعد اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔ اہل علاقہ کے مطابق کچھ عرصہ قبل بھی گھانچی کمپاؤنڈ کی عمارت کا کچھ حصہ گرگیا تھا تاہم خوش قسمتی سے انسانی جان کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فلیٹ کی عمارت 100 سال سے زائد پرانی اور حالیہ بارشوں کے باعث مزید خستہ حال ہے۔