وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ جسے بھی کچرا پھینکتے ہوئے دیکھیں اس کا فوٹو بنا کر لوکیشن اور نام سوشل میڈیا پر ڈال دیں۔ کہیں کچرا دیکھیں تو ہمیں لوکیشن بھیجیں ہم متعلقہ ضلع کو انفارم کریں گے اور کچرا ہٹائیں گے۔
کراچی میں صفائی مہم کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید علی زیدی نے کہا کہ نالے صاف کرنا کیا میری ٹائم کے وزیر کام ہے؟ یہ کام بلدیاتی حکومت کا ہوتا ہےاور کچرا کنڈی صاف کرنا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کام ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ مجھے وزیر اعظم کی براہ راست ہدایت تھی کہ ملک کے حب کراچی کے مسئلے کو دیکھو، ہم کوشش کر رہے ہیں اور اگرجیت گئے تو جلد چمکتا دمکتا کراچی دکھائی دے گا، اس صفائی مہم پر بہت سے لوگوں نے تنقید بھی کی لیکن جب کام کرتے ہیں تو تنقید کا بھی سامنا ہوتا ہے اور لوگ سراہتے بھی ہیں، ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر نے شہر کو صاف رکھنے کے لیے نیا طریقہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جسے بھی کچرا پھینکتے ہوئے دیکھیں اس کا فوٹو بناکر لوکیشن اور نام سوشل میڈیا پر ڈال دیں تاکہ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سا شخص کچرا پھیلا رہا ہے جب کہ کہیں کچرا دیکھیں تو ہمیں لوکیشن بھیجیں ہم متعلقہ ضلع کو انفارم کریں گے اور کچرا ہٹائیں گے۔
علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ کے- الیکٹرک کی تاروں کے اوپر درجنوں کیبل اور فون کی تاریں لگی ہیں، کیا جن کی مزید تاریں لگی ہیں وہ پیسے دیتے ہیں ؟ ہم نے چیئر مین سے کہا ہے کہ اگر یہ تارے انکی نہیں ہے وہ جائیں اور جاکر کاٹیں۔