مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے تاہم شہباز شریف کمر کی تکلیف جب کہ بلاول بھٹو زرداری تنظیمی دورے کے شریک نہیں ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے، جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور اے این پی کے وفود شریک ہیں۔ اے پی سی میں شہباز شریف کمر درد کی وجہ سے شریک نہیں تاہم احسن اقبال، خواجہ آصف اور سردار ایاز صادق پر مشتمل مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا وفد شریک ہے۔ اسی طرح بلاول بھٹو زرداری تنظیمی دورے کے باعث اے پی سی میں شریک نہیں تاہم نئیر بخاری، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر پر مشتمل پیپلز پارٹی کا وفد موجود ہے۔
اس کے علاوہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی طرف سے محمود خان اچکزئی ، جمیعت علمائے پاکستان کی جانب سے علامہ اویس نورانی اور قومی وطن پارٹی کی نمائندگی آفتاب احمد شیر پاؤ اے پی سی میں شریک ہیں۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں ملکی سیاسی صورتحال، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تحریک عدم اعتماد دوبارہ لانے کی صورت میں حکمت پر بھی غور ہوگا۔ اس کے علاوہ اپوزیشن جماعتیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔