میئر کراچی وسیم اختر نے شہر کی قائد کی ابتر صورتحال کے تناظر میں شہریوں کو سندھ حکومت کو ٹیکس نہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے ضلع کورنگی میں صفائی مہم کا افتتاح کیا اور کہا شہر کی صفائی کا یہ مستقل حل نہیں، وفاقی حکومت اور بحریہ ٹاون سے تعاون مانگا، ہمارے پاس مشینری تک نہیں، جتنی مشکل میں عوام ہیں، اتنی مشکل میں ہم بھی ہیں۔
اس موقع پر شہر کی بدترین حالت پر ناراض میئر نے صفائی کے نام پر خرچ چوبیس ارب کا حساب مانگتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری موٹر وہیکل ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، ٹاور ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز کی مد میں سندھ حکومت کو ساڑھے تین سو ارب روپے سے زائد ادا کرتے ہیں، بتایا جائے وہ کہاں خرچ کئے جاتے ہیں۔
اس سے قبل میئر کراچی کی آمد پر کورنگی کے رہائشیوں نے احتجاجا سعود آباد آنے والا روڈ بند کیا،مشتعل افراد نے ڈی ایم سی کورنگی کی گاڑیوں کو کچرا اٹھانے سے بھی روک دیا،مظاہرین کی جانب سے میئر کراچی، ڈی ایم سی کورنگی اور سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔