وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا جس کے تحت صوبہ کے 29 اضلاع میں لاکھوں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس سروسز اسپتال پشاور میں وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی کی صاحبزادی نمرہ یوسفزئی اور دیگر بچوں کو قطرے پلاتے ہوئے مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم پولیو کے قطرے بچوں کو پلائیں ۔ اگر کوئی کسی وجہ سے پولیو مہم کا بائیکاٹ کرتا ہے اور وجہ یہ بتاتا ہے کہ وہ حکومت سے خفا ہے تو وہ قوم کے بچوں سے کیوں خفا ہے کہ انھیں پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری ہے یا مہم کا بائیکاٹ کررہا ہے۔ اگر کسی کے کسی بھی معاملےمیں کوئی تحفظات ہیں تو وہ ہمارے ساتھ آئیں اور بیٹھیں بات کریں، میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں ان کے جو بھی تحفظات ہیں وہ میں دور کرنے کے لیے تیار ہوں۔