لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر انہیں کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔
اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کی صحت کو خطرات پر مطلوبہ ایمبولنس نادینا عمران حکومت کے انتقام اور چھوٹے پن کا ثبوت ہے، نوازشریف کو ہنگامی طبی امداد دینے میں جان بوجھ کر لاپراوہی اورغفلت کا رویہ مجرمانہ ہے، اگر انہیں کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دو سرکاری اسپتالوں کا مناسب مشینوں سے لیس ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار سیاسی انتقام ہے، سیاسی مخالفت پرصحت کی سنگین صورتحال سے دوچار شخص سے علاج چھیننا قتل کی سازش ہے، نوازشریف کے فزیشن ڈاکٹر عدنان نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کرصورتحال سے آگاہ کیا ہے، وہ نوازشریف کی صحت کیلئے اپنی تشویش سے متعلقہ حکام کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ساتھ جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت برتی جارہی ہے، انہیں 24 گھنٹے خصوصی طبی توجہ کی ضرورت ہے، انہیں قلب، شوگر اور گردوں سمیت متعدد امراض کا سامنا ہے، علاج میں غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، بارہا آگاہ کرنے کے باوجود علاج کی سہولیات فراہم نہ کرنا حکومتی بدنیتی اور خطرناک عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔