ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہداء کے ورثا سے بات چیت باعث فخر ہے، قیام پاکستان میں شہدا کا لہو شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یوم دفاع کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔
مرکزی تقریب سے خطاب میں پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہداء کے ورثا سے بات چیت باعث فخر ہے، قیام پاکستان میں شہدا کا لہو شامل ہے، شہدائے پاکستان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جب بھی ضرورت پڑی بیٹوں نے لبیک کہا، شہداء نے اپنا کل ہمارے آج کے لئے قربان کر دیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیریوں کی تکالیف انسانی ضمیر کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے، ہم نے ہمیشہ امن و سلامتی اور مذاکرات پر زور دیا، کشمیر ہندو توا کے پیرو کار حکومت کے ظلم کا نشانہ بن رہا ہے، شہدا کی قربانیاں اور آپ کے حوصلے مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں، ہم کوئی شہادت نہیں بھولے، زندہ قومیں اپنے شہدا پر ناز کرتی ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن و سلامتی کی بات کی ہے، کشمیری بہن بھائیوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔
یوم دفاع کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر پُروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔مزاراقبال پر چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے خصوصی گلدستہ رکھا گیا۔گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف کے مزار پر بھی پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے مزار پرگلدستہ رکھا گیا۔ اس موقع پر میجر شبیر شریف کے بیٹے تیمورشریف کا کہنا تھا کہ ہمیں آج بھی انیس سو پینسٹھ والے جذبے کی ضرورت ہے۔ ہمارے شہدا ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔
کراچی میں مزار قائد گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاکستان ائیر فورس اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دستےاعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل حامد راشد رندھاوا تھے۔ مہمان خصوصی نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائیاور فاتحہ خوانی کی۔تقریب کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔