امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایک جانب تو وطن پرستانہ خیالات پر زور دیا تو دوسری جانب، ایران اور چین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمگیریت یا گلوبلائزیشن کا کوئی مستقبل نہیں بلکہ وطن سے محبت کرنے والوں کا ہی مستقبل ہے۔
نیویارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو پورا حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سرحدیں محفوظ بنائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر آپ آزادی چاہتے ہیں تو اپنے ملک پر فخر کریں، اگر جمہوریت چاہتے ہیں تو سالمیت کو برقرار رکھے اور اگر امن چاہتے ہیں تو اپنی قوم سے محبت کریں۔
ٹرمپ نے کہا کہ چین نے تجارتی معاملات پر کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیا، چین نے وعدے وفا نہیں کیے، چین کا معاشی ماڈل مارکیٹ رکاوٹوں، کرنسی کی الٹ پلٹ اور ٹیکنالوجی کی چوری پر مبنی ہے۔
ایران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا ایران کی خوںریزی کی خواہش کو پروان نہ چڑھائے جبکہ ایران پر مزید سخت پابندیاں بھی عائد کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے وینیزویلا کے صدر میڈورو کو کیوبا کی کٹھ پتلی بھی قراردیا۔
دریں اثنا سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے بڑے ادارے لوگوں کی آواز کو خاموش کررہے ہیں، آزادی پسند لوگ کو دوسرے کو خاموش کرانے، بلیک لسٹ کرنے اور ان کی آواز دبانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔