وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کیا ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو یہ اقوام متحدہ کی بڑی ناکامی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں ایشیا سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز نے گزشتہ 54 روز سے 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کومقبوضہ وادی میں محصور کررکھاہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اوردیگرعالمی فورموں پر زوردیا کہ وہ کسی بھی انسانی سانحے سے بچنے کے لئے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف سنجیدگی سے کارروائی کریں، میں جنگ کی دھمکی نہیں دے رہا بلکہ دنیا کو خبردار کررہا ہوں۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ علاقے میں کرفیو کی پابندی جلد از جلد اٹھائی جائے اوربھارت اپنے تمام غیرآئینی اورغیرقانونی اقدامات واپس لے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کی اُمنگوں اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کیاجاناچاہیے۔