انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بین الاقوامی مقابلوں کے سیمی فائنل اور فائنلز میں سپر اوور کے قوانین میں اہم تبدیلی کردی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق اب ناک آؤٹ میچ میں سپر اوور ٹائی ہونے پر باؤنڈریز نہیں گنی جائیں گی بلکہ دوبارہ سپر اوور کھیلا جائے گا۔
دبئی میں آئی سی سی بورڈ اجلاس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ آئی سی سی کے ون ڈے اور ٹی 20 ایونٹس میں میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے سپر اوور کا قانون برقرار رہے گا۔
گروپ میچز میں اگر سپر اوور کے بعد بھی نتیجہ حاصل نہ ہوسکا تو میچ بے نتیجہ (ٹائی) ہوجائے گا۔
تاہم سیمیی فائنل یا فائنل میچ ٹائی ہونے کی صورت میں سپر اوور اس وقت تک کھیلا جائے گا جب تک ایک ٹیم دوسری ٹیم سے زیادہ اسکور نہیں کرلیتی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل میچ ٹائی ہوا تھا جس کے بعد سپر اوور میں بھی کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوسکا تھا۔
اس کے بعد زیادہ باؤنڈریز لگانے پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا تھا اور اس قانون پر آئی سی سی کو کڑی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا ۔