لاہور: پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف کو دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم کو گزشتہ روز انجائنا کا شدید درد ہوا جس کے بعد معالجین نے دل کے دورہ پڑنے کے خطرہ خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انجائنا کی موجودہ علامات سے دل کا دورہ پڑنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس کے پیش نظر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ کو ایمرجنسی میں بلایا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کا طبی معائنہ بھی کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ دل میں اینزائمز (پروٹین مالیکیولز) کی تعداد زیادہ ہے۔ پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ بھی انجائنا کی تکلیف کا سبب بنا۔
ذرائع کے مطابق معالجین دل کی موجودہ تکلیف کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے۔ سابق وزیراعظم دل کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں اور ان کے دو آپریشن پہلے ہو چکے ہیں جس کے سبب اس وقت دل کی تکلیف مزید خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ نواز شریف 5 رز سے سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ ان کا بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر بدستور ذیادہ ہے۔
گزشتہ روز نواز شریف کی ادویات میں ردو بدل کیا گیا اور مختلف ٹیسٹ بھی کرائے گئے تھے۔