اسلام آباد: کراچی سے شروع ہونے والا جمیعت علمائے اسلام کا آزادی مارچ لاہور سے روانہ ہو کر آج شب راولپنڈی میں قیام کرے گا اور کل وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوگا۔
آزادی مارچ کا قافلہ ٹھوکر نیاز بیگ چوک سے ملتان روڈ کھاڑک نالہ، سکیم موڑ، یتیم خانہ چوک، موڑ سمن آباد، چوبرجی چوک، ایم اے او کالج چوک، سیکرٹریٹ سے کچری چوک، داتا حضور لوئر مال سے آزادی فلائی اور نیازی شہید چوک سے براستہ شاہدرہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوا ہے۔
مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے ٹھوکر نیاز بیگ چوک، چوک یتم خانہ، موڑ سمن آباد، چوبرجی، داتا صاحب، آزادی فلائی اوور اور نیازی شہید چوک میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے۔
اسلام آباد کے راستوں میں مختلف مقامات پر حلیف جماعتوں کی جانب سے استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ ن لیگ، پیپلپزپارٹی اور جے یو آئی کا بڑا استقبالیہ کیمپ روات ٹی چوک پر لگے گا جہاں سے قافلہ اسلام آباد میں داخل ہوگا۔
ہم نیوز کے مطابق روات میں مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری شرکائے آزادی مارچ کا استقبال کریں گے۔
دوسرا استقبالیہ کیمپ 26 نمبر چنگی پر قائم کیا جائے گا جہاں ن لیگی رہنما انجم عقیل سمیت دیگر رہنما آزادی مارچ کے شرکا کا استقبال کریں گے۔