اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے بدھ کے روزبالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری جب کہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں گزشتہ شب سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹے تک رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گزشتہ شب ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بدھ کی صبح گھنے سیاہ بادل چھائے رہے اور بونداباندی بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بھی اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم ژوب، پشین، قلعہ عبد اللہ اور کوئٹہ کے اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج پنجاب کے اضلاع کے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ، بھکر، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، قصور، لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کہیں کہیں تیزہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔