کراچی میں ٹڈی دل کے اچانک حملے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں جاری قائد اعظم ٹرافی کا میچ بھی زد میں آگیا۔
قریب و جوار اور اطراف کے علاقوں کے بعدنیشنل اسٹیڈیم میں بھی ٹڈی دل نے اچانک حملہ کردیا۔ اسٹیڈیم میں ٹڈی دل کے حملے کی وجہ سے سندھ اور نادرن پنجاب کے درمیان قائد اعظم ٹرافی کا میچ روک دیا گیا۔
اس وقت نادرن کی بیٹنگ جاری تھی کہ اچانک ٹڈی دل نے حملہ کردیا جس کے بعد خوف سے سہمے ہوئے فیلڈرز، بیٹسمین اور امپائرز وکٹ کے پاس آ کر جمع ہوگئے۔ چند منٹوں کے بعد ٹڈی دل کے چلے جانے کے بعد سب نے سکون کا سانس لیا اور کھیل دوبارہ شروع ہوگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹڈی دل نے کراچی کے علاقے ملیر میں رزعی زمین پر یلغار کی تھی اور کاشتکاروں نے فصل کی تباہی کے خدشے کے پیش نظر حکومت سندھ سے فوری طور پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ٹیکنیکل ایڈوائزر معظم خان کا اس حوالے سے بتانا تھا کہ یہ 1960 کے بعد ٹڈی دل کا کراچی میں پہلا حملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کو دنیا کا سب سے خطرناک کیڑا تصور کیا جاتا ہے، یہ فصلیں اور درخت سب کچھ تباہ کر دیتا ہے۔