لاہور ہائی کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شرجیل خان پر کھیلنے کی عائد کی گئی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کرکٹر ناصر جمشید کا نام بھی ای سی ایل سےنکال دیا گیا تھا۔
درخواست گزار نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شرجیل خان کوعمرہ کی سعادت کے لیے بیرون ملک سفر کرنا ہے لہذا عدالت ای سی ایل سے ان کا نام نکالنے کا حکم دے۔
بعد ازاں عدالت نے کرکٹر کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا، عدالت نے حکم دیا ہے کہ شرجیل خان کا نام سات روز میں ای سی ایل سے نکالاجائے۔