وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی سمت درست جانب جارہی ہے، اب ہمیں پاکستان کی معیشت کو آگے لیکر جانا ہے، 14 ماہ کے بعد ملکی معیشت میں استحکام آچکا ہے۔
پاکستان میں ہوا سے 360 میگا واٹ بجلی کی منصوبے پر دستخط کی تقریب ہوئی ۔ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست منصوبوں کے افتتاح پر خوشی ہے، ہوا سے بجلی کی پیداوار ماحول دوست اور سستی بھی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کا 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنا معجزہ ہے، چھوٹا سا سنگاپور جس کی ایکسپورٹ 300ارب ڈالر سے زیادہ ہے، شارٹ ٹرم منصوبہ بندی ہماری بدقسمتی ہے اور چین کی کامیابی کا راز لانگ ٹرم منصوبہ بندی ہے۔
عمران خان نے کہا پاکستان میں ہائیڈل الیکٹرک سٹی کی بہت زیادہ صلاحیت ہے، ہائیڈل الیکٹرک کو چھوڑکر ہم نے مہنگے فیول سے بجلی پیدا کی، ہمارا مقابلہ بنگلا دیش، بھارت جیسے جنوبی ایشیا کے ممالک سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی بہت بڑا چیلنج ہے ، پاکستان کو آگے جاکر پانی کا مسئلہ اور بڑھ جائے گا ، اللہ نے ہمیں بڑے مشکل وقت سے گزارا ہے۔ اقتصادی ٹیم نے مشکل وقت کام کرکے روپے کو مستحکم کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہورہا ہے،ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، اللہ کاشکر ہے کہ پاکستان کی سمت درست جانب جارہی ہے، اب ہمیں پاکستان کی معیشت کو آگے لیکر جانا ہے اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں گے۔