دورہ آسٹریلیا میں پہلے ٹیسٹ کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کل برسبین سے ایڈیلیڈ پہنچے گی، دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔
آسٹریلیا سے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ماہرین نے ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم کمبی نیشن پر بھی سوال اٹھائے تھے۔ مینجمنٹ کو بھی اپنی غلطیوں کا احساس ہو گیا اور دوسرے میچ کے لیے تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اوپنر امام الحق اور فاسٹ بولر محمد عباس کی شمولیت کا امکان روشن ہے،اس صورتحال میں شان مسعود کے ساتھ ممکنہ طور پر امام ہی اننگز کا آغاز کریں گے، اظہر کی پوزیشن تیسری ہوگی،امام الحق کے لیے حارث سہیل کو جگہ خالی کرنا پڑے گی جوپہلے میچ میں بدترین ناکامی کا شکار ہوئے تھے، ٹیم میں دوسری تبدیلی عمران خان سینئر کی جگہ محمد عباس کو شامل کرنے کی صورت میں ہوگی، انھیں برسبین میں نہ کھلانے پر ٹیم مینجمنٹ کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
17سالہ موسیٰ خان کو بھی ٹیسٹ کیپ دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، البتہ حتمی فیصلے سے قبل مزید تبادلہ خیال ہوگا، ان کے لیے نسیم شاہ کو جگہ خالی کرنا پڑسکتی ہے۔
دریں اثنا پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو تلقین کی کہ وہ غلطیوں کو نہ دہرائیں اسی صورت میں اگلا میچ جیت سکیں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ کوچ و چیف سلیکٹر گوکہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی اننگز سے خوش مگر وہ چاہتے تھے کہ دونوں لمبی باری لیں، اس لیے آؤٹ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ فلڈ لائٹس میں دوسرا ٹیسٹ جمعے کو شروع ہوگا۔