اسلام آباد:سرکاری حج کے نرخوں میں سوا لاکھ سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد رواں سال سرکاری حج کے کم از کم نرخ ساڑھے پانچ لاکھ روپے ہوں گے۔
وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کو حج معاملات سے لاتعلق کر دیا گیا اور وہ بطور احتجاج بیرون ملک چلے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر کی عدم موجودگی کے باعث حج پالیسی وفاقی کابینہ کے دو دن قبل ہونے والے اجلاس میں پیش نہ کی جا سکی۔
ذرائع کے مطابق حج معاملات وزیر اعظم کے مشیر برائے حج ارباب شہزاد، پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور سیکریٹری مذہبی امور کے ہاتھ میں ہیں۔
ان کے مطابق وزارت حج میں اہم پوسٹوں پر تبدیلیوں سے سعودی عرب میں کمپنیوں سے باضابطہ معاملات طے نہیں ہو سکے، اصل قیمتوں پر معاملات طے نہ ہونے سے حج مہنگا ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آخری وقت میں ڈپٹی سیکریٹری حج، ڈی جی حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی، ڈائریکٹر حج مکہ سید امتیاز شاہ کو تبدیل کر دیا گیا۔