اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کے خلاف ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔
وزیراعظم نے چاروں وزار اعلیٰ کو اس حوالے سے جامع نیشنل ایکشن پلان بنانے کی ہدایت بھی کر دی۔
گزشتہ روز عمران خان نے کہا تھا کہ ملک میں مافیا حکومت اور عوام کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی بھر پور کوشش کررہا ہے، لیکن ہم اسے ناکام بنا دیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے۔ صلاحیت ہونے کے باوجود لوگ تجربات کرنے سے ڈرتے ہیں۔ انسان تجربات سے سیکھ کر ہی آگے بڑھتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انسان کو محنت کرنی چاہیے، کامیابی، عزت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ نیت صاف ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوف اور ڈر انسان کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے۔ کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں جن میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور جذبہ ہوتا ہے۔